صفائی نصف ایمان ہے ۔ عیدالاضحی سال 2025 میں ملتان شہر کو جس طرح آلائشوں اور گندگی سے صاف رکھا گیا ہے یقینی طور پر وہ ملتان کی ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ اس پر خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ورنہ چند سال پہلے اگر عید ایام میں کسی گلی اور محلے کی جانب نکلتے تو جگہ جگہ آلائشیوں کے ڈھیر نظر آتے تھےاور بدبو کے ایسے بھبکے اٹھتے کہ سانس لینا محال ہوتا تھا لیکن اس طرح کے اقدامات کیلئے اداروں کے ساتھ ساتھ عوا م کا کردار بھی انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ٹیم نے جس طرح عید ایام میں دن رات محنت کی ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ عوام کو آلائشوں کی صورت میں ایک مشکل سے چھٹکارا ملا۔ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عیدایام میں 8ہزار ٹن سے زائد آلائشوںکو ٹھکانے لگایا گیا ۔تعفن کے خاتمے کیلئے شاہرائوں اور چوکوں کو عرق گلاب اور فنائل کے ذریعے دھونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھ خود ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر کے ہمراہ متحرک رہے اور صفائی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔عید سے قبل ہی مختلف علاقوں میں خندقیں کھودی گئی تھیں تاکہ آلائشوں کا مستقل حل نکالا جائے۔ شہر کو صاف ستھرا رکھنے والے سینٹری و رکرز کی محنت کا نتیجہ ہے کہ اس وقت ملتان کے تمام علاقے بدبو سے پاک ہیں اور ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ میں موجود رہ کر ان سینٹری ورکرز سے عید ملی اور ان کی کارکردگی کو سراہ کر حوصلے بلند کیے۔ ملتان ڈویژن کے دیگر اضلاع ، وہاڑی، خانیوال اورلودھراں میں اسی طرح کے مثالی اقدامات یقینی طور پر انتظامیہ کی صفائی پالیسی کو داد دینے کیلئے کافی ہیں۔کمشنر ملتان عامر کریم خان نے وہاڑی، بوریوالا اور دیگر علاقوں کا خود وزٹ کیا اور ستھر ا پنجاب مہم کا معائنہ کیا۔ ٹیم لیڈر جب خود فیلڈ میں اپنی ٹیم کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے موجود ہوں تو پھر ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوتے۔عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کی یہ خصوصی مہم یونین کونسل لیول پر جاری رہی۔ ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے سلمان نعیم نے ویسٹ کولیکشن پوائنٹس پر کام کا جائزہ بھی لیا۔ عیدالاضحی سے قبل پورے شہر میں 6لاکھ سے زائد ویسٹ بیگ تقسیم کیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں عوام الناس کا تعاون بھی رہا اور شہر کے کسی کونے میں آلائشوں کو نہیں پھینکا گیا۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شہر کے اہم مقامات پر کیمپس لگائےگئے ۔ عوام میں ویسٹ بیگ تقسیم کرنے کے ساتھ آگاہی پیدا کرنے کیلئے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان کا کہنا تھا کہ عوام کو عید پر واضح تبدیلی دکھائی دی۔ شہر کے کونے کونے کی صفائی اور پاکیزگی کو یقینی بنایا گیا اور شہریوں نے ستھرا پنجاب مہم میں بھر پور تعاون کرکے پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے معاشرے کی مثال قائم کی ہے۔ بھائی چارے کی یہ فضا ہمیشہ قائم رہنی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب عوام اداروں کے ساتھ ملکر کوئی کام کرنے کا سوچ لیتے ہے تو پھر وہ ناممکن نہیں رہتا۔ انشااللہ صفائی کا یہ معیار قائم رہےگا۔ملتان کےا ہم علاقوں ایم ڈی اے روڈ، گلگشت، چونگی نمبر9، امیر آباد، قدیر آباد، اندرون شہر ، حسن آباد، ممتاز آباد، نیو ملتان، پیراں غائب روڈ سمیت تمام علاقوں میں کیے گئے مثالی اقدامات پر شہریوں کی جانب سے انتظامیہ کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے صفائی ستھرائی کے انتظامات اس قدر شاندار نہیں ہوتے تھے لیکن اب پورا ملتان جگ مگ کرتا نظر آرہا ہے۔ جو انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
