راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں ملاقات کا دن ہونے کے باوجود بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی کے خاندان کو ملنے دیا گیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے انہیں ڈھائی گھنٹے تک انتظار کروایا، لیکن ملاقات نہیں کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور جعلی مقدمات میں الجھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے وکلاء کو آگاہ کیا کہ جیل حکام نے پیغام دیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں بھی ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ بعض مخصوص افراد کو ان سے ملاقات کروایا جا رہا ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں انہیں سوشل میڈیا سرگرمیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا، جبکہ وہ صرف وکلاء کی فراہم کردہ معلومات پر یقین کرتی ہیں۔ انہوں نے عدلیہ کے نظام کو بوسیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کے دوہرے معیار کو ختم ہونا چاہیے۔
