علی پور: راشن اور خیموں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ،ایک شخص جاں بحق

سلطان پور (نامہ نگار) تحصیل علی پور کے نواحی موضع مسن کوٹ بھوآ بستی جسو والاکا 50 سالہ مرید حسین جانگلہ راشن اور خیموں کی تقسیم کے دوران پیش آنے والی بھگدڑ میں جان کی بازی ہار گیا۔ذرائع کے مطابق مرید حسین حالیہ سیلاب میں اپنا گھر کھو بیٹھا تھا اور بے سروسامانی کی حالت میں اہلِ خانہ سمیت موضع لنگر واہ میں دریائے سندھ کے مشرقی کنارے واقع حفاظتی بند پر مقیم تھا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے خیمے اور راشن تقسیم کیے جا رہے تھے، جنہیں حاصل کرنے کے لیے مرید حسین بھی دیگر متاثرین کی طرح وہاں پہنچا۔افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب امدادی سامان کی تقسیم کے دوران شدید دھکم پیل اور بدنظمی پیدا ہو گئی۔ بھگدڑ کے دوران مرید حسین بیہوش ہو کر زمین پر گر گیا۔ موقع پر موجود اس کی بیوی مدد کے لیے چیختی رہی مگر پولیس اور دیگر افراد نے توجہ نہ دی۔بعد ازاں مرید حسین کے رشتہ دار موقع پر پہنچے اور اُسے اپنی مدد آپ کے تحت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال علی پور لے جانے لگے مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ راشن اور خیموں کی تقسیم کے دوران کسی قسم کا نظم و ضبط یا سکیورٹی پلان موجود نہیں تھاجس کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کو منظم اور شفاف بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں