عظمیٰ بخاری کا مزمل اسلم پر سخت ردعمل: پنجاب پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے صوبے کی حالت دیکھیں

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنہیں اپنے صوبے کی صورتحال کا بھی علم نہیں، وہ پنجاب پر تنقید کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بونیر، صوابی اور سوات میں سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے، لیکن کیا خیبر پختونخوا حکومت نے ان متاثرین کو فوری مدد فراہم کی؟ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزراء ہر ماہ وفاق کو فنڈز کے لیے خطوط لکھتے ہیں اور خود کسی عملی اقدام کے بجائے باتیں کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کابینہ کے دو وزراء نے وزیراعلیٰ کی کرپشن کے الزامات کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا، جبکہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ صوبے کے 27 اضلاع میں 1857 ٹیمیں متاثرین کے سروے میں مصروف ہیں جو کسانوں، مکانات، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا ڈیٹا جمع کر رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، یہ کوئی معمولی معاملہ نہیں اور اتنے بڑے پیمانے پر سروے میں وقت لگنا فطری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود ہر متاثرہ شخص کے پاس جا کر مدد فراہم کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز ایک خوددار لیڈر کی بیٹی ہیں، وہ کسی کے سامنے مدد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی، جبکہ کچھ لوگ جنہیں چندے اور امداد کا عادی ہونا ہے، دوسروں کو بھی اسی انداز میں نصیحت کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں