شارجہ: پولیس نے ایک غیر قانونی بھکاری کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 14 ہزار درہم (پاکستانی 10 لاکھ روپے سے زائد) برآمد ہوئے۔ یہ شخص صرف تین دن میں عوام کی ہمدردی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاری رقم جمع کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
گلف نیوز کے مطابق، ایک مقامی شہری نے اطلاع دی کہ مسجد کے باہر ایک شخص مالی مشکلات کا دعویٰ کر کے بھیک مانگ رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کی شناختی تفصیلات چیک کیں، جس سے معلوم ہوا کہ وہ ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔
بریگیڈیئر جنرل عمر الغزال الشامسی، جو گداگری اور اسٹریٹ وینڈرز کے خلاف قائم خصوصی ٹیم کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں سیکیورٹی اور سماجی مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ گداگر اکثر ہمدردی کے جذبات کا غلط استعمال کر کے غیر قانونی طور پر بڑی رقم جمع کر لیتے ہیں۔
شارجہ پولیس نے “بھیک مانگنا جرم ہے، دینا ذمہ داری ہے” کے عنوان سے ایک مہم شروع کر رکھی ہے، جو رمضان کے آغاز سے جاری ہے۔ اس مہم کے تحت سادہ لباس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ گداگری کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جا سکے۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو رقم نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 80040 یا کال سینٹر 901 پر دیں۔
