آج کی تاریخ

سیاسی اختلاف ذاتی نہ بنیں، پنجاب کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ہے، گورنر سلیم حیدر

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سیاسی نظریات کا اختلاف جمہوری عمل کا حصہ ہے، مگر یہ اختلافات ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے وہ اور موجودہ صوبائی حکومت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں صوبے میں نوجوانوں کی فلاح، کھیلوں کے فروغ، اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب، جو ماضی میں صوبائی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں، نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) قومی مفاد میں اتحادی ہیں اور دونوں جماعتیں ملکی ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیاست میں آگے آنا چاہیے تاکہ ملک کو ایک متحرک، پرجوش اور باصلاحیت قیادت مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت راہوں پر لگایا جا سکتا ہے بلکہ انہیں منشیات جیسی تباہ کن لعنت سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔گورنر سلیم حیدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب میں وزیر کھیل خود ایک نوجوان ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کو قیادت سونپنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے نوجوانوں کے نمائندہ وزیراعظم ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں