آج کی تاریخ

سپہ سالار نے بھارت پر جوابی کارروائی سے قبل نماز فجر کی امامت کروائی، خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ بھارت پر جوابی کارروائی سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نماز فجر کی امامت کروائی۔ انہوں نے اس لمحے کو انتہائی جذباتی قرار دیا۔
وزیر دفاع کے ہمراہ جی او سی 15 ڈویژن میجر جنرل عمران خان بابر بھی موجود تھے، جنہوں نے زخمیوں کی حالت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ “یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں ان جوانوں کے پاس آیا ہوں جو وطن عزیز کے دفاع میں زخمی ہوئے۔ ہمارے جوانوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور سرحد پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ایک چیک پوسٹ پر دشمن کی جانب سے 100 سے زائد گولے برسائے گئے، مگر ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ محاذ پر جانے کے لیے تیار ہیں۔”
خواجہ آصف نے کہا کہ تینوں افواج کے سربراہان نے جس جرأت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا، وہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں