آج کی تاریخ

رجسٹری برانچ میں کرپشن روکنے کیلئے خفیہ ایجنسیوں کی خدمات لیں گے: کمشنر ملتان

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ سابق رجسٹرار کو کرپشن اور بد انتظامی کی شکایات پر تبدیل کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ پر نئے سب رجسٹرار کی تعیناتی ہو چکی ہے مگر ان کی اہلیہ کی علالت کی وجہ سے وہ چھٹی پر تھے جو کہ گذشتہ روز ختم ہو گئی اور وہ جلد ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ روزنامہ قوم کو موقف دیتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ سب رجسٹرار کی غیر موجودگی میں عارضی انتظام کے تحت تحصیلدار کو اضافی چارج دیا گیا تھا اور اگر نئے تعینات ہونے والے سب رجسٹرار واپس آ کر ذمہ داریاں نہیں سنبھالتے تو پھر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سے کسی ایماندار اور اچھی انتظامی گرفت رکھنے والے آفیسر کی تعیناتی کے لیے درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹری برانچ میں کرپشن اور پرائیویٹ سٹاف کی سرکاری امور میں مداخلت کو روکنے کے لیے خفیہ ایجنسیوں کی بھی خدمات لی جائے گی اور اس سلسلے میں انہیں بھی لوپ میں لے لیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے بتایا کہ وہ خود بھی بسا اوقات ان لوگوں سے رابطہ کر کے معلومات لیتے ہیں جو رجسٹری برانچ جاتے ہیں مگر اکثر لوگ شکایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملتان ڈویژن میں شفافیت لانے اور بد عنوانی کے خاتمے کے لیے کسی بھی قسم کی رعایت کے حق میں نہیں اور نہ ہی کسی آفیسر کو کھل کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں