ملتان (وقائع نگار) دو اسسٹنٹ کلکٹر اور تین کسٹم انسپکٹرز پر مشتمل کسٹم ٹیم سمگلروں کی سہولت کار بن کر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے لگی۔تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ کلکٹر سرگودھا نعیم احمد، اسسٹنٹ کلکٹر ملتان ضیغم، سپرنٹنڈنٹ مجتبیٰ، انسپکٹر ضیا الرحمان، انسپکٹر وقاص لغاری اور انسپکٹر سکندر نے ایک گروپ بنایا ہوا ہے جس کی سرپرستی ایڈیشنل کلکٹر سرگودھا فلک شیر کر رہے ہیں۔ یہ گروپ پنجاب بھر میں سمگلروں کی سہولت کاری کر رہاہے۔جس کی وجہ سے سمگلر نبی بخش، سیلاب خان، عتیق خان، نقیب خان، طاہر احمد، چھوٹا صادق شبو اور عباس ارائیں کھلے عام پشاور اور کوئٹہ سے ڈیزل، خشک دودھ، چائنہ نمک سمیت دیگر اشیاء کی سمگلنگ کر رہے ہیں جس سے حکومتی خزانے کو کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے شکایت ملنے پر چیف کلکٹر کسٹم ان افسروں کے خلاف انکوائری بھی کر رہے ہیں ان افسران کے خلاف پہلے بھی متعدد فورم پر انکوائری ہو چکی ہے لیکن یہ افسران اتنے بااثر ہیں کہ آج تک ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی اور نہ ہی ان کو من پسند سیٹوں سے ہٹایا گیا ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو جو رپورٹ پیش کی ہے ان میں بھی اسسٹنٹ کلکٹر ملتان ضیغم، سپرنٹنڈنٹ مجتبیٰ ،انسپکٹر ضیا الرحمان،انسپکٹر وقاص لغاری اور انسپکٹر سکندر کے نام شامل ہیں۔ جب اس سلسلے میں ایڈیشنل کلکٹر فلک شیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم پر لگائے جانے والے الزام بے بنیاد ہیں۔
