آج کی تاریخ

خواتین یونیورسٹی میں قوم کی بیٹیوں کے مستقبل سے کھلواڑ،بزنس ڈگریز میں غیر قانونی داخلے

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم کے نام پر طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے اور حکومتی اداروں کی پردہ پوشی کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی دانستہ خاموشی طلبا و طالبات کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کو کھل کھیلنے کا بھرپور موقع فراہم کر رہی ہے۔ طلبا و طالبات کے والدین اس مہنگائی کے دور میں کن مشکلات سے تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو داخلہ دلوانے کے لیے فیس اکٹھی کرتے ہیں اس بات کا کسی متعلقہ ادارے کو سرے سے کوئی احساس ہی نہیں۔ متعدد تعلیمی ادارے پروفیشنل ڈگریز میں بغیر ایکریڈیشن داخلے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ایسا ہی ایک اور انکشاف خواتین یونیورسٹی ملتان میں بھی سامنے آ گیا ہے ۔ جن کی جانب سے جاری کئے گئے داخلوں کے اشتہار کے مطابق یہاں بھی پروفیشنل ڈگریز بی بی اے، ایم بی اے اور ایم ایس بزنس ایڈمنسٹریشن میں نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کی منظوری کے بغیر غیر قانونی داخلے دھڑلے سے جاری ہیں۔ خواتین یونیورسٹی ملتان نامی یہ ادارہ طلبہ و طالبات کے ساتھ گھناؤنا کھیل جاری رکھے ہوئے ہے۔جبکہ اس بارے مارچ اور اپریل 2023 میں تعلیمی اداروں کو متعدد بار انتباہی خط جاری کیا گیا کہ طلبا و طالبات نجی تعلیمی اداروں میں داخلے لینے سے پہلے معلومات ہی نہیں لیتے کہ کیا ان تعلیمی اداروں کے پاس بیچلر ڈگری پروگرامز میں بزنس سے متعلقہ ڈگریوں کی نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل سے ایکریڈیشن یعنی اجازت نامہ موجود ہے یا نہیں تاکہ بزنس کونسل سے ایکریڈیشن نہ ہونے کی صورت میں داخلہ نہ لینے سے ان کا مستقبل محفوظ رہے۔ روزنامہ قوم مسلسل طلباو طالبات اور ان کے والدین کو آگاہی دے رہا ہے کہ وہ خواتین یونیورسٹی ملتان سمیت دیگر یونیورسٹیوں اور کالجز کے اجازت ناموںکے بغیر دھوکا دہی سے جاری کردہ پروگرامز میں داخلے لینے سے پہلے مکمل معلومات حاصل کر لیں تاکہ وہ اس قسم کی تعلیمی جعلسازی سے محفوظ رہ سکیں۔ اس خبر کے حوالے سے جب خواتین یونیورسٹی کی پی آر او سے رابطہ کیا گیا تو ویمن یونیورسٹی ملتان کی ترجمان نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق تدریسی عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام مضامین یونیورسٹی کی تمام باڈیز کے ساتھ ساتھ ایچ ای سی کی بنائی گئی کونسلوں سے منظور شدہ ہیں۔ جب ان کو بتایا گیا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کا NBEAC نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کی ویب سائٹ پر کوئی ڈیٹا موجود نہ ہے۔ اگر آپ کے پاس کوئی ایکریڈیشن لیٹر ہے تو بھیج دیجئےمگر ویمن یونیورسٹی ملتان کی جانب سے کوئی لیٹر موصول نہ ہوا اور نہ ہی ویمن یونیورسٹی ملتان کی ویب سائٹ پر اس بابت کوئی ایکریڈیشن لیٹر موجود ہے اس طرح طالبات سے صریحاً دھوکا ہو رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں