اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ کے 6 ججز کے ناموں کی منظوری دے دی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں 8 نئے ججوں کے تقرر پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم پر فیصلے تک اجلاس مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا گیا، تاہم اس اعتراض پر ووٹنگ ہوئی اور اکثریتی رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اجلاس جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی کارروائی نہ روکنے پر بائیکاٹ کیا، جبکہ بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر بھی اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔
بعدازاں، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے ناموں کی منظوری دے دی۔
مزید برآں، ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور اور پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ تقرری آرٹیکل 181 کے تحت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں جج تعینات کرنے کا معاملہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔