ملتان(کرائم رپورٹر)ملتان پولیس کے شیر جوان نے ڈاکو کا روپ دھار لیا،4 نقاب پوش ڈاکوؤں کے ہمراہ شہری کے گھر دھاوا،تشدد کا نشانہ بنا کر اسلحہ کے زور پر شہری کی لاکھوں روپے نقدی،طلائی زیورات و قیمتی کاغذات چھین کر فرار،پولیس افسران کو سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم،تاحال اے ایس آئی تھانہ ڈی ایچ اے و دیگر ملزمان کے خلاف نہ تو مقدمہ درج ہو سکا اور نہ ہی گرفتار ہوسکے۔ایس ایس پی آپریشن نے قوم” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے حقائق سامنے آنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 20 جون 2025ء کو گلگشت پولیس کے علاقہ نیو گلگشت کالونی گلی نمبر 7 کے رہائشی کپڑے کے تاجر سمیع خان اچکزئی کے گھر شام 4 بجے دو موٹر سائیکلوں اور ایک بلانمبری سفید مہران کار پر چار نامعلوم نقاب پوش ڈاکو جن میں سے ایک شخص پولیس وردی میں ملبوس تھا نے زور سے دروازہ کھٹکھٹانا شروع کردیا،سمیع خان کے کزن جمال شاہ نے دروازہ کھولا تو مذکورہ ڈاکو اسلحہ کے زور پر گھر داخل ہو گئے اور انہوں نے وہاں پر موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بناکر یرغمال بنالیا۔ ڈاکوؤں نے تمام افراد سے موبائل فون بھی چھین لئے اور گھر میں موجود تجوری کو توڑ کر 4 لاکھ 45 ہزار روپے نقدی،10 لاکھ 65 ہزار مالیت کے طلائی زیورات اور قیمتی کاغذات اٹھا کر لے گئے،ذرائع نے بتایا کہ سمیع خان نے جب مذکورہ ڈاکوؤں سے پوچھا کہ آپ کا تعلق پولیس، ایجنسی،سی آئی اے سے ہے یا پھر ڈاکو؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ تھانہ گلگشت آجاؤ،جب انہوں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرنا شروع کیا تو تھانہ گلگشت کی بلڈنگ سے چند گز کے فاصلے پر ڈاکو گاڑی اور موٹر سائیکلیں بھگا کر فرار ہوگئے۔اہل علاقہ کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو جب پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایس ایچ او تھانہ گلگشت کو دکھائی گئی تو معلوم ہوا کہ واردات کرنے والوں میں تھانہ ڈی ایچ اے ملتان میں تعینات اے ایس آئی اسد نیازی بھی شامل ہے،ذرائع نے بتایا ہے کہ اسد نیازی کے خلاف پہلے بھی اس قسم کے واقعات کی شکایتیں موصول ہوئیں لیکن اسکے خلاف سنجیدگی سے کوئی ایکشن نہ لیا گیا جسکی وجہ سے وہ آج تک سادہ لوح شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ رہا ہے۔اےایس آئی اسدنیازی ڈکیتی کے الزام میں پہلے بھی برخاست شدہ ہے۔یاد رہے کہ وقوعہ کو تین روز گزرنے اور تھانہ کو ڈاکوؤں کے خلاف درخواست دئیے جانے کے باوجود رات گئے تک مقدمہ درج نہ ہوسکا ہے جبکہ اس حوالہ سے قوم” کے رابطہ کرنے پر ایس ایس پی آپریشن ملتان زنیر احمد چیمہ نے بتایا کہ وقوعہ کی انکوائری کی جارہی ہے حقائق سامنے آنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
