بہاولپور(کرائم سیل) روزنامہ قوم میں بہاولپور میں غیر قانونی ہاسٹلز والی خبر کے ثبوت سامنے آنا شروع ہو گئے۔ اہل علاقہ کی جانب سے نشاندہیوں کا سلسلہ جاری ہے۔تھانہ بغداد کی حدود میلے والی گلی میں باڑہ مارکیٹ کے اوپر ہادیہ گرلز ہاسٹل کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ نہ ہی ہاسٹل کی ٹی ایم اے سے منظوری ہے نہ ہی بلڈنگ منظور شدہ ہے۔بجلی اور سوئی گیس کنکشن ڈومیسٹک ہیں، کمرشل نہ ہونے کی وجہ سے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے جانے کی اطلاعات ہیں ۔سکیورٹی بھی ایس او پیز کے مطابق نہیں جسکی وجہ سے سارا دن اوباشوں کا آنا جانا لگا رہنے کی وجہ سے سینکڑوں طلبات کی زندگیاں اور عزتیں خطرے میں ہیں۔شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔روزنامہ قوم ملتان نے گزشتہ دنوں ہاسٹلز پر ایک مفصل اور جامع تحقیقاتی رپورٹنگ کرتے ہوئے متعدد ہاسٹلز کی نشاندہی کی تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی دیکھنے کو نہیں ملی لیکن ایک اور ایسے گرلز ہاسٹل کا انکشاف ہوا جس کو ایک شخص چلا رہا ہے جس کی تعلیمی قابلیت بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ میلے والی گلی باڑہ مارکیٹ کے اوپر چار منزلہ غیر منظور شدہ بلڈنگ میں قائم ہادیہ نامی گرلز ہاسٹل طالبات کے لیے انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے ۔سکیورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر اور 14 سے 15 کمرے جودڑبہ نما ہیں ان میں روشنی اور ہوا کا کوئی انتظام نہیں ہے جبکہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس گرلز ہاسٹل میں استعمال ہونے والی بجلی اور گیس بھی کمرشل نہیں ہے جس کی وجہ سے گورنمنٹ کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہاہے اس ساتھ ہی قریبی رہائشیوں انصر،شاہد،نعمان،سلطان اور جہانگیر کے مطابق یہاں پر مشکوک افراد کا آنا جانا لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں بھی شدید ذہنی اذیت کا سامنا رہتا ہے۔ ہاسٹل میں غیر متعلقہ لوگوں کا مسلسل آنا جانا خطرہ سے کم نہیں ہے ۔کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی تھانہ بغداد الجدید کے علاقے کے ایک گرلز ہاسٹل سے طالبہ کو اوباش تین دنوں تک نوچتے رہے اور تیزاب انڈلیتے رہے جس کی وجہ سے طالبہ اپنی سانسیں بحال نہ رکھ سکی اور جاں بحق ہوگئی۔
