آج کی تاریخ

ایمرسن؛ ڈاکٹر رمضان گجر کی الٹی گنگا،19ویں گریڈ کے اسسٹنٹ پروفیسرز پر جونیر ہیڈ تعینات

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان کے سب سے معروف اور شاندار رویات کے حامل کالج گورنمنٹ کالج بوسن روڈ ملتان جسے چند سال قبل نام تبدیل کرکے ایمرسن یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا، میں 2022 میں لائبریرین سے ترقی پا کر وائس چانسلر بننے والے 67 سالہ ڈاکٹر رمضان گجر کی طرف سے قواعد و ضوابط کی پامالی کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق ڈاکٹر رمضان نے اقربا پروری اور مفادات کے حصول کی خاطر کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کاشف کو ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کا ہیڈ مقرر کر دیا جبکہ ان سے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق خرم شہزاد موجود ہیں اور یہ بھی یونیورسٹی کے قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح انہوں نے کھلم کھلا ایمرسن یونیورسٹی کے ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یونیورسٹی کیڈر کے 19 گریڈ کے اسسٹنٹ پروفیسرز کی جگہ کالج کیڈر کے 18 گریڈ کے اسسٹنٹ پروفیسرز کو شعبہ جاتی سربراہ مقرر کیا ہے جن میں میتھیمیٹکس اور سٹیٹسٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ معید بھٹہ جو کہ بنیادی طور پر کالج کیڈر کے 18 گریڈ کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں ان کو سربراہی بخش دی جبکہ اس ڈیپارٹمنٹ میں یونیورسٹی کیڈر کے اسسٹنٹ پروفیسر 19 گریڈ میں موجود ہیں۔ یہ یونیورسٹی کے ایکٹ کے سیکشن 29 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسرز موجود ہونے کی صورت میں صرف اور صرف سینئر موسٹ ٹیچر ہی کو چارج دیا جائے گا۔ اس خبر کے حوالے سے موقف کے لیے جب ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے پی آر او ڈاکٹر محمد نعیم سے رابطہ کیا گیا تو جواب دینےکے بجائے نمبر بند کر دیا۔ جب وائس چانسلر ڈاکٹر رمضان گجر سے اس بابت رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے کے بجائے نمبر ہی بلاک کر دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں