آج کی تاریخ

انٹربینک میں ڈالر مضبوط، اوپن مارکیٹ میں روپیہ مستحکم رہا

کراچی: آئی ایم ایف اجلاس اور درآمدات میں اضافے جیسے عوامل کے باعث پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں نسبتاً مضبوط رہا۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی اسپرنگ میٹنگز کے باعث پاکستان کو قرض کی اگلی قسط میں ممکنہ تاخیر اور تین سال کے وقفے کے بعد ماہانہ نان آئل درآمدات کا 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ جانا، انٹربینک مارکیٹ میں روپے پر دباؤ کی بڑی وجوہات بنیں۔
دوسری جانب معاشی اشاریوں میں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کا ممکنہ سرپلس میں رہنا، سال کے اختتام تک زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقعات، اور مارچ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر نے انٹربینک مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا، جس کے باعث ڈالر کی قدر ایک موقع پر 4 پیسے کم ہو کر 280 روپے 42 پیسے پر آ گئی تھی۔
تاہم درآمدات کی طلب میں اضافے کے باعث ڈالر نے دوبارہ اوپر کا رخ کیا، اور کاروبار کے اختتام پر اس کی قیمت 14 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 60 پیسے ہو گئی۔ اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کی کمی ہوئی، اور وہ 282 روپے 06 پیسے پر بند ہوا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں