آج کی تاریخ

آئی ایم ایف کا پراپرٹی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی پر اتفاق

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے ایف بی آر کی درخواست پر جزوی طور پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے پراپرٹی کی خریداری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس میں اپریل 2025ء سے 2 فیصد کمی کی اجازت دے دی، تاہم فروخت کنندگان پر لاگو ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان حالیہ ورچوئل اجلاس میں پراپرٹی خریداروں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، تاہم فروخت کنندگان سے یہ ٹیکس بدستور وصول کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، ایف بی آر کی درخواست پر آئی ایم ایف نے مارچ 2025 کے لیے ٹیکس ہدف میں 60 ارب روپے کمی پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیشرفت سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی) پر اتفاق رائے کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور اسٹاف لیول معاہدہ آئندہ ہفتے طے پانے کی امید ہے۔
ایف بی آر نے آئی ایم ایف سے درخواست کی تھی کہ پراپرٹی فروخت اور خریداری، دونوں پر عائد سیکشن 236C اور 236K کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی جائے، تاہم آئی ایم ایف نے صرف سیکشن 236K کے تحت خریداروں کے لیے ٹیکس میں 2 فیصد کمی کی منظوری دی ہے۔
مزید برآں، آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے میں سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے بینکوں سے 1257 ارب روپے اکٹھا کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں