آج کی تاریخ

یورپی یونین کا فلسطینی عوام کے لیے بڑا امدادی پیکج، 1.6 ارب یورو دینے کا اعلان

برسلز: یورپی یونین نے فلسطینی عوام کی مدد اور غزہ و مغربی کنارے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے 1.6 ارب یورو (تقریباً 1.8 ارب امریکی ڈالر) کے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جو آئندہ تین برسوں پر محیط ہوگا۔
یہ اعلان یورپی وزرائے خارجہ اور فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ کی لکسمبرگ میں ہونے والی ملاقات سے قبل سامنے آیا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کلاس نے کہا کہ یہ امداد فلسطینی عوام کی فوری ضروریات پوری کرنے اور مستقبل میں فلسطینی اتھارٹی کو غزہ کی حکمرانی کے لیے تیار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
پیکج کے تحت 620 ملین یورو براہ راست فلسطینی اتھارٹی کو دیے جائیں گے، جن سے مالیاتی نظام کی بہتری، جمہوری اداروں کی مضبوطی، نجی شعبے کی ترقی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے چلائے جائیں گے۔ مزید 576 ملین یورو غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں معاشی بحالی کے لیے دیے جائیں گے، جبکہ 400 ملین یورو کے قرضے یورپی انویسٹمنٹ بینک فراہم کرے گا۔
یہ نیا منصوبہ 2021 سے 2024 کے دوران دیے گئے 1.36 ارب یورو کے امدادی پروگرام کا تسلسل ہے، جس کے تحت یورپی یونین فلسطینی عوام کی سب سے بڑی عالمی مددگار کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں