آج کی تاریخ

ہم نے ہر چیز کو سیاسی بنا دیا، ترقی کے لیے انسان پر سرمایہ کاری ضروری ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی تقاضوں کے مطابق چلنے کے لیے فوری اقتصادی اصلاحات کی ضرورت ہے، مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ سیالکوٹ میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی ہر گھر میں قالین سازی ہوتی تھی، مگر آج یہ صنعت تقریباً ختم ہوچکی ہے، اس کا سبب وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہونا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیالکوٹ شہر ہمیشہ خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے فن میں ماہر رہا ہے، لیکن ایک سوال ہمیشہ ذہن میں رہتا ہے کہ پاکستان وہ کیوں نہ بن سکا جس کا خواب دیکھا گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ 1960 میں پاکستان کی مجموعی برآمدات 200 ارب ڈالر تھیں، جبکہ آج کئی ممالک ہم سے بہتر زرمبادلہ کما رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا تیزی سے چوتھی اور پانچویں صنعتی انقلابی دور میں داخل ہو چکی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (AI) جیسے شعبے ترقی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں۔ اگر ہم نے فوری اقدامات نہ کیے تو پیچھے رہ جائیں گے۔ اس کے لیے ایک مؤثر ٹاسک فورس کا قیام ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر معاملے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے۔ ترقی صرف سڑکوں یا عمارتوں سے نہیں آتی بلکہ انسانی وسائل کی بہتری سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے۔ چین کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں تعلیم لازمی ہے جبکہ پاکستان کی شرح خواندگی محض 60 سے 70 فیصد ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ کامیاب ممالک میں خواتین کی معیشت میں بھرپور شرکت ہوتی ہے، جبکہ ہمارے ملک میں نئی نسل کی بڑی تعداد ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ٹھوس سماجی اور اقتصادی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ برآمدات کو 6 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے ایک جامع سوشیو-اکنامک پلان تیار کریں۔ دنیا کا تجارتی نظام ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، ہمیں بھی ایک واضح پانچ سالہ ایکسپورٹ پلان تشکیل دینا ہوگا تاکہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون مؤثر ہو سکے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم ایس ایم ای سیکٹر کے لیے نئے منصوبے متعارف کروا رہے ہیں، اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا اور وقت کے ساتھ ہم آہنگ رہنا اب ہماری مجبوری نہیں بلکہ بقا کی ضمانت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں