آج کی تاریخ

کشمیر مذاکرات سے نہیں، جدوجہد سے آزاد ہوگا: حافظ نعیم

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی صرف مذاکرات سے ممکن نہیں بلکہ بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں زبردست ہڑتال کی گئی، جس کا مقصد اسرائیلی بربریت کے خلاف پاکستانی قوم کی آواز بلند کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہڑتال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر فلسطینی عوام سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے بھارت کے حالیہ اقدامات کو جنگی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکیاں کھلی دشمنی کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اکثر جھوٹے واقعات گھڑتا ہے جیسا کہ پہلگام واقعہ، تاکہ پاکستان کو بدنام کیا جا سکے۔
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اور عالمی طاقتیں اس ظلم میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ حماس اپنے وطن کے دفاع کا حق استعمال کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ دنیا میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کا سبب ہے جبکہ امریکا ان کا سرپرست ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی حمایت کے لیے فوری، مضبوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔
انہوں نے بلوچستان کے عوام کی ہڑتال میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام کے دل پاکستانی قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ان کے مسائل کو سن کر ان کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بھارت کے اندر بھی آزادی کی تحریکیں زور پکڑ رہی ہیں، آسام، ناگالینڈ اور ہماچل پردیش میں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو قوم اور افواج پاکستان بھرپور جواب دیں گی۔
انہوں نے سفارتی محاذ پر فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کرنے پر زور دیا اور امریکا پر ظالموں کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ان کی وفات پر وزیراعظم اور آرمی چیف کی غیر موجودگی افسوسناک ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
آخر میں انہوں نے زور دیا کہ کشمیر کی آزادی صرف بات چیت سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد سے حاصل ہو گی، اور پوری قوم کو یکجا ہو کر اس مقصد کے لیے کھڑا ہونا ہو گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں