اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے نئے اراکین کو ان کی وزارتوں کے قلمدان سونپ دیے گئے، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق طارق فضل چوہدری کو پارلیمانی امور، علی پرویز کو وزارت پیٹرولیم، جبکہ حنیف عباسی کو ریلوے کی وزارت دی گئی ہے۔ خالد مگسی کو سائنس و ٹیکنالوجی، معین وٹو کو آبی وسائل، محمد جنید انور کو میری ٹائم افیئرز، رضا حیات کو دفاعی پیداوار اور شزہ فاطمہ خواجہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کی وزارت تفویض کی گئی ہے۔
سردار محمد یوسف کو مذہبی امور اور بین المسالک ہم آہنگی، رانا مبشر اقبال کو پبلک افیئرز یونٹ، جبکہ مصطفیٰ کمال کو نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی وزارت دی گئی ہے۔ اسی طرح اورنگزیب خان کچھی کو قومی ثقافتی ورثے کی وزارت سونپی گئی ہے۔
مزید برآں، مختار احمد ملک وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، طلال چوہدری وزیر مملکت برائے داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول، جبکہ وجیہہ قمر کو وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ملک رشید احمد خان کو نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، عبدالرحمان کانجو کو پاور اور پبلک افیئرز یونٹ، جبکہ عقیل ملک کو وزیر مملکت برائے قانون و انصاف مقرر کر دیا گیا ہے
