آج کی تاریخ

کراچی: شدید گرمی، پانی کی کمی، گردے کے انفیکشنز میں اضافہ، ماہرین کی وارننگ

کراچی کے اسپتالوں میں گردے کے انفیکشن میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی، پسینہ اور پانی کی کمی شہریوں کے گردوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد کمر کے نچلے حصے میں درد، پیشاب میں جلن، خون اور پیپ کی شکایت کے ساتھ اسپتالوں میں لائی جا رہی ہے۔ گرمی اور حبس والے موسم میں پانی کا کم استعمال گردے کے مسائل میں شدت لا رہا ہے۔
جناح اسپتال کراچی کی ماہر یورولوجسٹ ڈاکٹر مہرین عروج کے مطابق گردے کے انفیکشن کی علامات میں کمر درد، پیشاب میں جلن اور مقدار میں کمی، خون یا پیپ آنا، اور بخار شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں میں پسینہ زیادہ آتا ہے لیکن شہری عموماً پانی کم پیتے ہیں، جس سے گردے فلٹرنگ کا عمل مکمل نہیں کر پاتے، نتیجتاً نمکیات جمع ہو کر انفیکشن یا پتھری کا باعث بنتے ہیں۔
ڈاکٹر مہرین نے بتایا کہ صرف ایک ماہ میں گردے کے انفیکشن کے مریضوں کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے، اور جناح اسپتال میں روزانہ تقریباً 150 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ روزانہ کم از کم تین لیٹر پانی استعمال کریں تاکہ گردے صحت مند رہیں اور جسم سے ایک لیٹر پیشاب خارج ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں