آج کی تاریخ

کارگو ٹرینوں سے سمگلنگ ،کروڑوں کے برآمد سامان پر ریلوے اور کسٹم حکام بے ایمان

کارگو ٹرینوں سے سمگلنگ ،کروڑوں کے برآمد سامان پر ریلوے اور کسٹم حکام بے ایمان

ملتان(سٹاف رپورٹر)ریلوے کارگو کے ذریعے سالہا سال سے اربوں روپے کی سمگلنگ ایک مرتبہ پھر کسٹم حکام نے پکڑ لی اور کروڑوں روپے کا سامان برآمد کر لیا جس میں غیر ملکی سگریٹ، چھالیہ، گٹکا، دودھ، میوہ جات اور دیگر سامان قبضے میں لیا گیا مگر ریلوے حکام اور کسٹم حکام کے درمیان مذاکرات رات گئے تک جاری رہے اور سامان قبضہ میں لئےجانے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہو سکا اور نہ ہی کسٹم حکام کسی بھی قسم کی تفصیلات بتا رہے ہیں۔ساری کارروائی مکمل رازداری میں رکھی جا رہی ہے۔ ملتان میں تعینات کلیکٹر کسٹم انورسمنٹ فرخ شریف نے عملے کو کسی بھی قسم کی معلومات دینے سے منع کر دیا ہے اور ریلوے کے اعلیٰ حکام سالہا سال سے جاری یہ سلسلہ دوبارہ جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں یہ مال صادق خان اچکزئی، نثار درانی، یوسف کا کڑ سمیت متعددسمگلروں کابتایاجاتاہے۔ ایف آئی اےکے ڈائریکٹر شکیل درانی بھی معاملہ رفع دفع کرانے کی کوششوں میں ہیں۔ یاد رہے کہ جنرل ضیا الحق کے دور کے آخری ایام میں ریلوے کارگو کے ذریعے پشاور سے کراچی بڑے پیمانے پر اسلحہ کی ترسیل کا انکشاف ہوا تھا اور دو کنسائنمنٹس پکڑی بھی گئی تھیں۔ ریلوے کارگو کے ذریعے سمگلنگ کئی دہائیوں سے جاری ہے اور ملتان کا ریلوے سٹیشن اس حوالے سے پہلے ہی بہت بدنام ہے۔ ریلوے حکام نے بعض ٹرینیں نجی شعبے کو دے رکھی ہیں ان کےکارگو سیکشن کی بھی بہت سی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایات ہیں مگر ڈیل کے نتیجے میں ڈھیل دے دی جاتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں