لاہور:چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں قائم عالمی فورم دنیا بھر میں پارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے، پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے اور اہم عالمی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مختص ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اس اہم فورم کا بانی چیئرمین حالیہ کامیاب دورہ کوالالمپور کے دوران نامزد کیا گیا، جہاں انہوں نے آئی ایس سی کے آئندہ اجلاس سے متعلق خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔
یونیورسل پیس فیڈریشن (یو پی ایف) کے زیر اہتمام سیئول میں ہونے والا بین الاقوامی سربراہی اجلاس 2025 میں منعقد ہوگا، جہاں اس نامزدگی کی باقاعدہ تقریب بھی ہوگی۔ اس اجلاس میں 150 ممالک کے 500 مندوبین اور 45 پارلیمانی اسپیکرز شرکت کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کو عالمی امن اور ترقی کے لیے ان کی پارلیمانی سفارتکاری کے کردار پر ایک خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔ ان کی یہ نامزدگی نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی پارلیمانی ساکھ کو تقویت دیتی ہے بلکہ خطے میں پارلیمانی تعاون اور مکالمے کے فروغ کے لیے بھی اہم قدم ہے۔
بریفنگ سیشن کے دوران اپنے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس سی محض ایک کانفرنس نہیں، بلکہ ایک عالمی وژن ہے جو باہمی انحصار، مشترکہ خوشحالی اور عالمی اقدار پر مبنی ہے۔
انہوں نے تین اہم شعبوں یعنی موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔
عالمی پارلیمانی قیادت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مشترکہ نظریات کو پالیسی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس سی عالمی سطح پر پارلیمانی اشتراک، پالیسی سازی اور سفارتی شراکت داری کے لیے ایک مؤثر فورم کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ اسپیکر ملائشیا معالی تن سری داتو’ ڈاکٹر جوہری بن عبدل، آئی ایس سی کے شریک چیئرمین آن چنگ وو لی، چیئرمین یو پی ایف انٹرنیشنل ڈاکٹر چارلس ایس یانگ، رکن پارلیمان نیپال ایک ناتھ دھکل، سینیٹر ملائشیا ڈاکٹر محمد متا مد رملی، سیکریٹری جنرل ایشین واٹر کونسل ڈاکٹر چو یونگ ڈاک اور معروف پاکستانی کاروباری شخصیت عثمان چوہدری بھی موجود تھے۔
مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر ملائشیا سے دو طرفہ پارلیمانی تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات کی۔ اس ملاقات کے بعد اسپیکر ملائشیا نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جبکہ سفیر پاکستان سید احسن رضا نے بھی چیئرمین گیلانی کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ ترتیب دیا۔
