آج کی تاریخ

پی اے سی نے دو ماہ میں کتنے ارب روپے ریکور کیے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی دو ماہ میں 118 ارب روپے سے زائد کی ریکوری، واپڈا میں گاڑیوں کے غلط استعمال پر انکوائری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں دو ماہ کے دوران ہونے والی اربوں روپے کی ریکوری کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔ چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 118 ارب 53 کروڑ روپے کی ریکوری ہو چکی ہے، اور یہ دعویٰ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مصدقہ اعداد و شمار پر مبنی ہے۔
اجلاس کے دوران وزارت آبی وسائل اور واپڈا میں 58 سرکاری گاڑیوں کے غیر مجاز استعمال سے متعلق آڈٹ اعتراض زیر بحث آیا۔ آڈیٹر جنرل کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ 2021 سے 2023 کے درمیان مختلف ماڈلز کی 58 گاڑیاں خریدی گئیں جو منصوبہ جات کے لیے مختص تھیں، تاہم یہ گاڑیاں غیر متعلقہ اور غیر مجاز افسران کو الاٹ کر دی گئیں، جس سے قومی خزانے کو 15 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔
سیکریٹری وزارت آبی وسائل نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، اور 60 دن کے اندر انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔
اس پر چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے ہدایت دی کہ یہ کوئی پیچیدہ معاملہ نہیں، لہٰذا انکوائری ایک ماہ کے اندر مکمل کی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں