ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی بہترین ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو اس ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے لاہور قلندرز کو چار سال میں تیسری بار ٹائٹل جتوایا۔ ٹیم کا انتخاب ایونٹ کی کمنٹری ٹیم کے اراکین نے کیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10، جو 11 اپریل سے 25 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد ہوا، میں لاہور قلندرز نے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ شاہین آفریدی نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 19 وکٹیں لے کر فضل محمود کیپ اپنے نام کی اور ٹیم کی قیادت بھی کی۔
قلندرز کے سکندر رضا اور فخر زمان نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ایل ٹیم میں جگہ بنائی۔ ٹیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز، ابرار احمد، اور فہیم اشرف بھی شامل ہیں۔
کراچی کنگز کے تین کھلاڑی، کپتان ڈیوڈ وارنر، اوپننگ بلے باز جیمز ونس اور فاسٹ بولر حسن علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ خوشدل شاہ 12ویں کھلاڑی کے طور پر منتخب ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر صاحبزادہ فرحان اور پشاور زلمی کے نوجوان تیز گیند باز علی رضا نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ:
فخر زمان (لاہور قلندرز)
صاحبزادہ فرحان (اسلام آباد یونائیٹڈ) (وکٹ کیپر)
ڈیوڈ وارنر (کراچی کنگز)
جیمز ونس (کراچی کنگز)
حسن نواز (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
سکندر رضا (لاہور قلندرز)
فہیم اشرف (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
شاہین شاہ آفریدی (لاہور قلندرز) (کپتان)
حسن علی (کراچی کنگز)
علی رضا (پشاور زلمی) ایمرجنگ
ابرار احمد (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)
خوشدل شاہ (کراچی کنگز) (12 ویں کھلاڑی)
