کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نہروں سے متعلق مسئلہ حل نہ ہوا تو پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کر لے گی۔
ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچا، جہاں وقار مہدی، سعید غنی سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی خالی نشست پر ایم کیو ایم سے اپنے امیدوار کے حق میں دستبرداری کی درخواست کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کی مرکزی کمیٹی سے مشاورت کے بعد حتمی جواب دیا جائے گا۔ ملاقات میں بلدیاتی نظام سے متعلق مجوزہ بل پر بھی بات چیت ہوئی۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر سی سی آئی اجلاس میں نہریں تقسیم کے مسئلے کا کوئی ٹھوس حل نہ نکلا تو پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینال کے معاملے پر سندھ کے تمام سیاسی حلقے متحد ہیں اور ایم کیو ایم نے بھی قومی اور سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدہ ہو گئی تو حکومتی اتحاد برقرار رہنا مشکل ہو جائے گا، اس لیے توقع ہے کہ حکومت اپنا وعدہ ضرور نبھائے گی۔
