لاہور:پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مینارٹی ایڈوائزری کونسل کے قیام کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جب کہ سینئر سیاسی رہنما کامران بھٹی کو نائب چیئرمین اور عاقب عالم کو کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔
یہ کونسل 38 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں سکھ، مسلم، ہندو اور خواتین نمائندگان شامل ہوں گے۔ اس کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے، تاہم حکومت کو کسی بھی وقت اسے تحلیل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
کونسل کے تمام ارکان بشمول چیئرمین، نائب چیئرمین اور کنوینر بغیر کسی معاوضے کے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو کسی بھی رکن کو معطل یا برطرف کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔
کونسل حکومت کو اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویز فراہم کرے گی۔
رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
