خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے صدر آصف علی زرداری پر نہروں کے معاملے میں شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یا تو انہوں نے خود سندھ کے مفادات کے خلاف قدم اٹھایا ہے یا پھر انہیں یاد ہی نہیں کہ وہ کیا فیصلے کر چکے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کی منظوری خود آصف علی زرداری نے دی تھی، اور اب پیپلز پارٹی اسی پر احتجاج کر رہی ہے، جو ایک کھلا تضاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یا تو پیپلز پارٹی تسلیم کرے کہ صدر نے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے، یا پھر یہ مانے کہ صدر کی یادداشت اور ذہنی کیفیت درست نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر صدر کی ذہنی و جسمانی حالت درست نہیں، تو انہیں ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز رہنے کا کوئی جواز نہیں، انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق پیپلز پارٹی محض ووٹرز کو خوش کرنے کے لیے احتجاجی بیانات دے رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ نہروں کی منظوری زرداری صاحب نے خود دی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلاول بھٹو اپنے والد کے فیصلے کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں؟
ترجمان نے واضح کیا کہ نہروں کے خلاف آواز سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے بلند کی تھی، اس لیے پیپلز پارٹی کی موجودہ مخالفت محض سیاسی چال ہے۔
