اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود معدنی ذخائر کی مالیت کھربوں ڈالر تک پہنچتی ہے، اور اگر ان وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے تو ملک قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں بیش قیمت معدنی ذخائر پائے جاتے ہیں، جبکہ سندھ اور پنجاب بھی قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ اسی طرح، آزاد کشمیر میں بھی بے شمار معدنی خزانوں کے امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، اور بلوچستان میں کان کنی کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی ترقی بھی ممکن ہوگی۔ معدنی وسائل میں سرمایہ کاری تمام فریقین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قدرت نے پاکستان کو وافر قدرتی وسائل سے نوازا ہے، یہاں دنیا کے بڑے کوئلے کے ذخائر موجود ہیں، اور سندھ حکومت مقامی کوئلے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ درآمدی کوئلے کے بجائے ملکی وسائل پر انحصار کرکے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خام مال برآمد کرنے کے بجائے اس کی ویلیو ایڈیشن کی جائے تاکہ تیار شدہ مصنوعات عالمی منڈی میں برآمد کی جا سکیں، جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے فورم میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہا اور کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر، بشمول خلیجی ممالک، چین، یورپ اور امریکا سے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔
