اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطے میں بھارت کی آبی جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیا اور اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے امیر قطر کا پاکستان کے ساتھ یک جہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔ وزیر اعظم نے بھارت کی جانب سے بغیر ثبوت کے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا اور بین الاقوامی سطح پر شفاف تحقیقات کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے بھارت کی آبی جارحیت کو پاکستان کی 240 ملین عوام کے لیے سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پانی پاکستان کی عوام کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے اور اس پر کسی قسم کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔
امیر قطر نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قطر موجودہ بحران کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
