آج کی تاریخ

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی پروازوں کو کتنے کروڑ کا جھٹکا؟

کراچی: پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش تاحال برقرار ہے، جس کے باعث بھارتی ائیرلائنز کو نہ صرف پروازوں کی معطلی کا سامنا ہے بلکہ انہیں اربوں روپے کے مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بند ہوئے دس روز گزر چکے ہیں، اس دوران تقریباً 1150 بھارتی پروازیں متاثر ہو چکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صرف 10 دنوں میں ائیر انڈیا، انڈیگو، آکاسا، اسپائس جیٹ اور دیگر فضائی کمپنیوں کو 225 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
طیاروں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور فیول سمیت دیگر اخراجات میں بھی دوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ امریکہ، یورپ اور برطانیہ جانے والی پروازیں اب دہلی، ممبئی، بنگلور اور احمد آباد سے طویل روٹس کے باعث بھاری مالی بوجھ برداشت کر رہی ہیں۔
بھارتی مسافر بھی ان حالات سے تنگ آ چکے ہیں، اور بیشتر نے بھارتی ائیرلائنز کی جگہ دیگر ممالک کی پروازوں کو ترجیح دینا شروع کر دیا ہے۔ عملے کی تبدیلی، دوبارہ لینڈنگ اور ری فیولنگ جیسے اضافی اقدامات بھارتی ائیرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کے نقصان سے دوچار کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 2019 میں بھی پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے پر بھارت کو 700 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا، اور اب ایک بار پھر ایسی ہی صورتحال جنم لے چکی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں