آج کی تاریخ

ٹیٹو گردی سیاسی دباؤ مسترد، ایڈیشنل آئی جی ڈٹ گئے، ڈی پی او کی سپیکر پنجاب کو بریفنگ

ملتان (سٹاف رپورٹر) تمام تر سیاسی دباؤ اور خانیوال کے اراکین اسمبلی کی طرف سے شہزاد خان خاکوانی عرف ٹیٹو خان کی مکمل پشت پناہی کے باوجود ایڈ یشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان اور ڈی پی او خانیوال محمد اسماعیل کھاڑک تلمبہ کے علاقے چک حیدرآباد کے مظلوم مستاجر عبدالشکور بھٹی کو جزوی انصاف فراہم کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اسمبلی کے اراکین کے شکایت پر سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ڈی پی او خانیوال کو سپیکر چیمبر میں لاہور طلب کرکے صورتحال اور حقائق سے آگاہی حاصل کی۔ پولیس نے تمام تر دباؤ کے باوجود شکور بھٹی کے تین کروڑ 35 لاکھ روپے کے نقصان میں سے ثالثین کے پاس جمع شدہ 40 لاکھ روپیہ سیاسی دھونس کو بلائے طاق رکھتے ہوئے شکور بھٹی کے حوالے کر دیا جبکہ دو کروڑ 85 لاکھ روپے کی رقم ابھی بھی سابق ایم پی اے شاہین خاکوانی مرحومہ کے بیٹے شہزاد عرف ٹیٹو خان خاکوانی سے واجب الوصول ہے۔ یاد رہے کہ شہزاد خان خاکوانی نے اپنی سگی بہنوں اور سوتیلی والدہ کی اراضی پر بھی جعلی کاغذات بنوا کر ناجائز قبضے کر رکھے ہیں جب کہ اس کے زیر قبضہ زمین ایک بڑا حصہ زرعی ترقیاتی بینک کے نام منتقل ہو چکا ہے مگر کئی سال گزرنے کے باوجود زرعی ترقیاتی بینک قبضہ نہیں لے سکا اور اس اراضی سے کروڑوں روپیہ جائز طور پر شہزاد خان خاکوانی کما رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان نے ہر قسم کے سیاسی دباؤ کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک کو ہر حال میں انصاف کرنے کا حکم دیا اور انہیں اپنے پاس بلا کر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اللہ نے آپ کو افسر بنایا ہے آپ ڈٹ جاؤ میں آپ کے ساتھ ہوں۔ بتایا گیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو ڈی پی او خانیوال نے مکمل ریکارڈ لے جا کر بریفنگ دی اور انہیں حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہزاد خان خاکوانی نے اپنے مستاجر کی تمام پر فصل پر قبضہ کرکے اس سے ظلم اور زیادتی کا مرتکب ہوا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں