حیدر آباد: سوشل میڈیا کی حد سے بڑھی ہوئی دیوانگی ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن گئی، جہاں دو طالبات ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ریلوے ٹریک پر ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق یہ دلخراش واقعہ آٹو بھان روڈ کے قریب بابن شاہ ریلوے لائن پر اس وقت پیش آیا، جب دونوں طالبات ایک نجی انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد تفریحاً ویڈیو بنا رہی تھیں۔ اسی دوران تیز رفتار ٹرین نے انہیں کچل دیا۔
جاں بحق ہونے والی طالبات کی شناخت 22 سالہ سونی دختر کشن لعل اور 25 سالہ رشنا دختر محمد قاسم کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں کا تعلق ضلع وانکی وسی کے ایک گاؤں سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
شہری و سماجی حلقوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ایسے مزید افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
