Post Views: 23
اسلام آباد: حکومت نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ارکانِ قومی اسمبلی کے برابر کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے “وفاقی وزراء و وزرائے مملکت تنخواہ و مراعات ترمیمی آرڈیننس 2025” جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔
آرڈیننس کے تحت، وفاقی وزراء کی تنخواہ 2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے جبکہ وزرائے مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں وزراء کی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ مارچ میں وفاقی کابینہ نے اس اضافے کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد اب صدر مملکت کے دستخط سے یہ ترمیمی آرڈیننس نافذالعمل ہو چکا ہے۔