کراچی: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے متنازع نہری منصوبے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے علیحدہ ہو جائے گی۔
کراچی میں فرنیچر ایکسپو کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ متنازع نہری منصوبہ پیپلز پارٹی کے لیے سرخ لکیر ہے، اور اگر اسے زبردستی آگے بڑھایا گیا تو وفاقی حکومت میں پارٹی کی شراکت داری ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انتشار نہیں چاہتے لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ بھی ممکن نہیں۔
ناصر حسین شاہ نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) پر پانی کے حوالے سے غلط اعداد و شمار فراہم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ موجودہ جائزوں کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار پانی موجود ہی نہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم اور دیگر سیاسی قائدین معاملے پر دانشمندانہ فیصلہ کریں گے۔
دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بدامنی کے پیچھے پاکستان دشمن قوتیں سرگرم ہیں اور آرمی چیف کی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کو پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن افواج کو کمزور کر کے ریاست کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اور لیبیا و عراق کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔
فرنیچر ایکسپو کو سراہتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف صنعت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ عوام کو نئے رحجانات سے بھی متعارف کرواتے ہیں۔ انہوں نے معدنیات کے شعبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں، لیکن جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہو رہے ہیں، مگر اس کے باوجود صوبے کو اس کی پیداوار کے تناسب سے حصہ نہیں دیا جا رہا، جو ناانصافی ہے۔ صوبے کا پہلا حق ہونا چاہیے جہاں قدرتی وسائل نکلیں۔
ایس آئی ایف سی کی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی منصوبے پر اعتراض ہے تو امید ہے کہ قیادت اس پر غور کرے گی۔ فوڈ سکیورٹی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں جہاں پانی دستیاب ہے، وہاں جدید زراعت کو فروغ دیا جانا خوش آئند ہوگا۔
نہری منصوبے پر سیاسی ردعمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی یتیم اس معاملے کو بنیاد بنا کر سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، جبکہ اصل مقصد پاکستان کے مفاد کا تحفظ ہونا چاہیے۔
ناصر حسین شاہ نے اختتام پر زور دیا کہ تمام سیاستدان محب وطن ہیں، اور قومی مفاد کو ہر ذاتی مفاد پر ترجیح دینی چاہیے۔
