آج کی تاریخ

نصیبو لال اور شوہر کے درمیان صلح، گھریلو تنازع خوش اسلوبی سے حل

لاہور: معروف گلوکارہ نصیبو لال اور ان کے شوہر نوید حسین کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
نصیبو لال نے اپنے شوہر کے خلاف تھانہ شاہدرہ ٹاؤن لاہور میں تشدد اور بدسلوکی کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق، شوہر نوید حسین نے گھر آ کر بدکلامی کی اور اینٹ سے حملہ کر کے گلوکارہ کو زخمی کر دیا تھا، جس کے باعث ان کے چہرے اور سر پر چوٹیں آئیں۔
تاہم، گلوکارہ کے بھائی شاہد لال نے جیو ڈیجیٹل سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہنوئی غصے کے تیز ہیں، لیکن معاملات کو سنبھال لیا گیا ہے۔ شاہد لال کے مطابق، میاں بیوی کے درمیان معمولی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، لیکن اس بار صورتحال سنگین ہونے کے باعث مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں کے درمیان صلح ہوچکی ہے اور نوید حسین نے آئندہ ایسے واقعے سے اجتناب کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں