جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے نجی حج اسکیم کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے سعودی ولی عہد سے براہ راست رابطہ کیا جائے۔
حافظ نعیم نے اپنے مراسلے میں کہا کہ نجی حج اسکیم کے تحت حج کی ادائیگی کے خواہشمند 67 ہزار پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے حج سے محروم رہ جانے کا اندیشہ بڑھتا جا رہا ہے، اس لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کو سعودی عرب بھیجا جائے تاکہ براہ راست مذاکرات کے ذریعے کوئی مؤثر حل نکالا جا سکے۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جس طرح نائیجیریا کا مسئلہ اعلیٰ سطحی رابطے سے حل ہوا، ویسا ہی ماڈل پاکستان کے لیے بھی اپنایا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ذاتی دلچسپی لے کر ان تمام حاجیوں کی روانگی کو یقینی بنانا چاہیے جنہوں نے حج کے لیے رقوم جمع کروائی ہیں، اور حکومت کو ان رقوم کے تحفظ کی بھی ضمانت دینی چاہیے۔
انہوں نے نجی حج اسکیم کے بحران کے پیچھے موجود ممکنہ انتظامی کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی صورتحال سے بچا جا سکے۔
