آج کی تاریخ

موٹر سائیکل چوروں کا نیٹ ورک بے نقاب، 5 رکنی گروہ گرفتار، 100 سے زائد موٹر سائیکل برآمد

اہور: نیو انارکلی پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر سائیکل چوری میں ملوث 5 رکنی گروہ گرفتار
نیو انارکلی پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں سرگرم ایک منظم گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ نے سٹی ہیڈ کوارٹر لوہاری گیٹ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سالہ اور بہنوئی بھی شامل ہیں، جو قلیل مدت میں درجنوں موٹر سائیکل چوری کر چکے ہیں۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کے تحت کام کر رہے تھے اور لاہور کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کرنے کے بعد محض آدھے گھنٹے میں انہیں پرزہ پرزہ کر دیتے تھے۔ چوری شدہ پارٹس کو آن لائن فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ ایک خفیہ گودام میں ذخیرہ بھی کیا جاتا تھا۔ ملزمان کا سراغ لگانا پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوا، تاہم کامیاب حکمت عملی کے تحت کارروائی کی گئی، جس کے دوران 150 سے زائد موٹر سائیکل پارٹس، اوزار، کٹر اور کنڈے برآمد کیے گئے، جبکہ ملزمان کے زیر استعمال لوڈر رکشے بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان الماس اور شہروز اپنے ساتھی اللہ یار اور دلاور کی مدد سے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے پرزے الگ کرتے اور انہیں آصف نامی شخص کے ذریعے سگیاں میں فروخت کر دیتے تھے۔ آصف ان پرزوں کو پریس کروا کر ایسی شکل میں تبدیل کر دیتا تھا کہ پولیس بھی شناخت نہ کر سکے۔ یہ گروہ شہریوں کی لاکھوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں محض 10 سے 12 ہزار روپے میں فروخت کر رہا تھا، جبکہ ریکارڈ یافتہ ملزمان الماس اور شہروز نہ صرف خود چوری کرتے بلکہ پورا نیٹ ورک بھی چلا رہے تھے۔ ایک ماہ کے اندر 100 سے زائد موٹر سائیکلوں کو پرزوں میں تبدیل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او نیو انارکلی انسپکٹر محمد اختر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں