آج کی تاریخ

مودی نے سندھو پر حملہ کیا، پانی رکا تو خون بہے گا: بلاول بھٹو

میرپور خاص: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میرپور خاص میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ مل کر ہم نے سندھو دریا کو بچا لیا ہے، اور گجرات کے قصائی نریندر مودی کے سندھ طاس معاہدے پر حملے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے دورِ وزارتِ خارجہ میں بھی سندھ طاس معاہدے پر دباؤ تھا، لیکن اب کشمیر کا بہانہ بناکر بھارت نے کھل کر دریا پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دونوں امن کے داعی ہیں، مگر بھارت کی آبی جارحیت کے جواب میں خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دریا پر حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ “یاد رکھو، یا تو یہاں سے پانی بہے گا یا پھر خون”، بلاول نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت میں بھی سندھو دریا سے محبت کرنے والے لوگ موجود ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ مودی کو اس خطرناک اقدام سے روکیں گے۔ بلاول نے بھارت سے پہلگام واقعے پر ثبوت مانگتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پاکستانی ملوث پایا گیا تو اسے سرعام سزا دی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ان کے مخالفین نے حکومت بنتے ہی سوچا کہ وہ سندھو کے حقوق کا سودا کر لیں گے، لیکن پیپلزپارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل میں صرف دو نمائندوں کے باوجود منصوبہ روک دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نگراں حکومت کے دور میں ایکنک اور ارسا نے جھوٹے سرٹیفکیٹ جاری کیے تاکہ نئی نہریں بنائی جائیں، لیکن عوامی طاقت اور سیاسی جدوجہد سے وہ سازش ناکام بنائی گئی۔
آخر میں انہوں نے زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر محاذ پر پارٹی کی بھرپور نمائندگی کی ہے اور سیاسی انداز سے ہر مسئلے کا حل نکالا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں