ملتان (سٹاف رپورٹر) مظفر گڑھ پولیس نے ہیڈ محمد والا کے مقام پر دریائے چناب اور راوی کے مشترکہ پل کے نیچے لگائی گئی مضبوط اور انتہائی وزنی آہنی چادریں اور پلیٹس گیس سلنڈروں اور کٹرز کی مدد سے چوری کرکے پل کی مضبوطی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے ایک گینگ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ہیوی کٹرز گیس سلنڈرز سیڑھیاں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس لوہا چور گینگ کا سرغنہ نواب پور کا رہائشی مجاہد کالرو ہے جسے پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ مجاہد کالرو بارے بتایا گیا ہے کہ وہ سابق وائس چانسلر این ایف سی یونیورسٹی ڈاکٹر اختر کالرو کا قریبی رشتے دار اور کار خاص ہے جس نے یہ انوکھا گینگ بنا رکھا تھا۔ لوہے کی پلیٹس چوری کی اس بھیانک اور انوکھی واردات کی ایف آئی آر نمبری 450/25 تھانہ صدر مظفرگڑھ میں بجرم 427/379/411 درج کی گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق سب انسپکٹر محمد عمران ہیڈ کانسٹیبل طالب حسین، کانسٹیبل محمد قلب کے ہمراہ سرکاری گاڑی نمبر 862 / GAA پر ڈرائیور خضر عباس کے ہمراہ گشت و پڑتال جرائم ہیڈ محمد والہ موجود تھے کہ مخبر نے اطلاع دی کہ دریائے چناب کے پل بمقام ہیڈ محمد والا کے نیچے پلرز کے ساتھ لوہے اور سلور کی موٹی اور وزنی چادریں جو کہ پلرز کی سیفٹی کے لیے لگائی ہوئی ہیں ان کو کافی لوگ ملکر بذریعہ ویلڈنگ میٹریل کاٹ رہے تھے جس پر پولیس ٹیم نے دریائے چناب پل ہیڈ محمد والا کے نیچے دریا میں ریڈ کیا تو کافی لوگ جو کہ بذریعہ ویلڈر کٹر پلرز کے ساتھ لگی ہوئی چادریں کاٹ رہے تھے فرار ہو گئے جن کے نام و پتے مسمیان ملک مجاہد کالرو، مظہر عباس ولد نذر حسین قوم کمبوہ، محمد کامران ولد محمد عمران قوم تھہیم، محمد جاوید دایہ، محمد آصف نانڈھلہ، خلیل دایہ، طیب دایہ، مک سجاد گرا ،نکہ ڈان نانڈھلہ معلوم ہوئے اور 3/4 کس نامعلوم اشخاص بھی ساتھ تھے۔ مزید چیک کرنے پر موقع سے ایک عدد سلنڈر گیس بڑا برائے ویلڈنگ کٹر اور 2 عدد پیس ہائے سلور / لوہے کی چادریں کٹی ہوئی جو کہ ٹریکٹر ٹرالی پر لوڈ تھیںبرآمد ہوئیں۔ ملک مجاہد کالرو ، مظہر عباس وغیرہ بالا اشخاص معہ دیگر نامعلوم اشخاص کے ساتھ ملکر بیڈ محمد والہ کے نیچے پلرز کے ساتھ لگی ہوئی چادریں لوہے سلور جو کہ بیڈ کے پلر کی سیفٹی کے لیے لگائی ہوئی تھی کو سرقہ کرکے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر ملک و قوم کا ناقابل تلافی نقصان کرکے جرم 427/379/411 ت پ کا ارتکاب کیا ہے۔ چھاپے مار کر ملک مجاہد کالرو و دیگر اشخاص کو گرفتار کیا گیا۔ کئی دن جیل میں رہنے کے بعد ڈاکٹر اختر کالرو کی کوششوں سے ان ملزمان کی ضمانت منظور ہوئی تو این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے سابق برطرف وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو سرکاری لوہا چوری کرنے والے اپنے قریبی عزیز ملک مجاہد فیض کالرو کی ضمانت کے بعد جیل سے رہائی کے موقع پر اسے لینے اور پھولوں کے ہار ڈالنے کے لئے اپنی گاڑی میں پہنچے اور ملک مجاہد فیض کالرو کو اس موقع پر پھولوں کے ہار بھی پہنائے جبکہ ملک مجاہد فیض کالرو نے این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو کو ضمانت میں سپورٹ کرنے پر پھولوں کی مالا پہنائی۔ اس موقع پر جیل کے سامنے تصاویر بھی بنوائی گئیں۔
