آج کی تاریخ

مریم نواز کا دعویٰ: پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن, پہلے ڈیفالٹ کی بات تھی، آج ترقی کی مثالیں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ وقت گیا جب ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، آج ملک میں ترقی، مہنگائی میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈز کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
پنجابی کلچر ڈے کی رنگا رنگ تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے فن کاروں سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہم سب ان کے فن سے متاثر ہو کر بڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عظمیٰ بخاری کو اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجابی ثقافت اپنی مثال آپ ہے، دنیا کے کسی بھی موسیقی یا رقص کا پنجابی بھنگڑے سے مقابلہ نہیں۔ انہوں نے ترکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگ اپنی ثقافت پر بہت فخر کرتے ہیں، اسی طرح ہمیں بھی اپنی زبان اور ثقافت پر ناز ہونا چاہیے۔
اپنی جلاوطنی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں وطن کی مٹی کی یاد میں آنکھیں نم ہو جاتی تھیں، اور آج جب وہ پنجاب کے ہر کونے میں عزت پاتی ہیں تو دل فخر سے بھر جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پنجابی زبان ضرور سکھائیں اور اپنی روایات کو زندہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ میلے، تقاریب اور ثقافتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر کے پنجاب کی رونقیں بحال کی جا رہی ہیں۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ اب ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز بن رہے ہیں، اور حکومت روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی لا رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔
آخر میں وزیراعلیٰ نے فن کاروں کے لیے خصوصی پیکج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فنکاروں کی خدمت کا بدلہ دیا جائے اور ان کے لیے کچھ ایسا کیا جائے جو پہلے کبھی نہ ہوا ہو۔

شیئر کریں

:مزید خبریں