راس الخیمہ (متحدہ عرب امارات) میں ایک افسوسناک واقعے میں معمولی جھگڑے پر ایک شخص نے فائرنگ کر کے تین خواتین کی جان لے لی۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تنگ گلی میں دو گاڑیاں آمنے سامنے آ گئیں اور راستہ دینے پر جھگڑا شروع ہو گیا۔
ایک گاڑی میں تین خواتین جبکہ دوسری میں ایک مرد سوار تھا۔ بحث کے دوران مرد نے غصے میں آ کر پستول نکالی اور خواتین کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی آواز پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، حملہ آور کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
تینوں خواتین کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس کو پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ معمولی باتوں پر تحمل کا مظاہرہ کریں اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے باز رہیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
