ملتان(عوامی رپورٹر)لودھراں میں پولیس لائن کا سینئر کوارٹر نمبر سات گزشتہ چند ماہ سے بڑا ان جا رہا ہے۔ رات ڈھلتے ہی مخصوص ماحول اور مخصوص حالات میں فیصلے کیے جاتے ہیں اور فیصلوں کے لوازمات پہلے ہی سے پہنچا دیئے جاتے ہیں۔ ایک ریڈر اور ایم ٹی او پولیس میں سالا بہنوئی کا واری وٹا بہت مشہور ہے ان دونوں کی واریاں لگی ہوئی ہیں یہ اپنی مرضی سے جہاں چاہیں ٹرانسفر کرواتے ہیں اور ان کی مرضی کے بغیر نہ کوئی ٹرانسفر ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی پوسٹنگ ہوتی ہے نہ کوئی معطلی ہوتی ہے اور نہ ہی بحالی ہوتی ہے گویا ڈی پی او ہاؤس کے اصل فیصلے ایک عرصہ سے سینئر کوارٹر نمبر سات کے مرہون منت ہیں۔ یہی سینئر کوارٹر نمبر سات ضلع بھر کے سود خوروں کی پشت پناہی بھی کرتا ہے۔ یہاں گوشت بھی زیادہ شکار کا ہی کھایا جاتا ہے اور ضلع بھر کے مظلومان و ملزمان کا شکار بھی یہیں ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی سال سے ضلع لودھراں کا کوئی بھی پولیس سربراہ ایسا نہیں جو کوارٹر نمبر سات کے زیر اثر نہ رہا ہو۔ کس ملزم نے رہا ہونا ہے کس نے کس قسم کی خدمات دینی ہیں کس پر کون سا پرچہ ہونا ہے اس کو کس کے پرچے کی دفعات کو کمزور کرنا ہے اور کس کے پرچے کی دفعات کو مضبوط بنانا ہے کس کو ہاف فرائی کرنا ،کس کو فل فرائی کرنا ہے کس کو چلنے پھرنے سے معذور کرنا ہے اور کس پر کون سی عورت ڈالنی ہے یہ سب فیصلے اسی سینئر کوارٹر نمبر سات میں ہونے والی شب کی میٹنگوں کے مرہون منت ہیں۔
