ملتان (وقائع نگار) ویئر ہاؤس کے انچارج کسٹم انسپکٹر روزانہ کی بنیاد پر پکڑے جانے والا سمگلنگ کا سامان ریلوے سٹیشن لاہور پر موجود الیاس عرف چھم چھم کو فروخت کرنے لگے۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ لاہور و گردونواح میں پان گٹکے و دیگر اشیا کی سمگلنگ دھڑلے سے کی جا رہی ہے ۔کسٹم انسپکٹر فیصل ڈھیلو سمیت دیگر کسٹم کے افسران سامان پکڑ کر بالا بالا ہی سمگلروں سے مک مکا کر کے چھوڑ دیتے ہیں جن سمگلروں کے ساتھ مک مکا نہیں ہوتا ان کا سامان ضبط کر کے ویئر ہاؤس میں رکھ دیا جاتا ہے۔ ویئر ہاؤس کا انچارج کسٹم انسپکٹر شاہد بھٹی وہ سامان ریلوے سٹیشن پر موجود الیاس عرف چھم چھم کو فروخت کر دیتا ہے۔ شاہد بھٹی کو اس سلسلے میں کلکٹر کسٹم سعید وٹو کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جب کلکٹر متین عالم کلکٹر کسٹم لاہور تعینات تھے اس وقت سے شاہد بھٹی کو ویئر ہاؤس کا انچارج بنایا ہوا ہے۔ پہلے شاہد بھٹی متین عالم کو مبینہ طور پر منتھلی دیتا تھا۔ متین عالم کے جانے کے بعد کلکٹر فرخ شریف کی تعیناتی ہوئی تو متین عالم نے شاہد بھٹی کو ان کے حوالے کر دیا اور اب کلکٹر کسٹم لاہور سعید وٹو سے مل کر شاہد بھٹی سمگلنگ کا ضبط کیا جانے والا سامان فروخت کر نےمیں مصرو ف ہیں۔ ذرائع نے چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ ویئر ہاؤس میں ضبط شدہ سامان کی چیکنگ کرائی جائے تو کروڑوں روپے مالیت کا سامان موقع پر نہیں ملے گا۔ مذکورہ کرپٹ افسران کی وجہ سے حکومت کو کسٹم ڈیوٹی کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
