اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکس نظام میں جاری اصلاحات کا مقصد عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنا اور سرکاری آمدن میں اضافہ ہے۔
میڈیا نیوز کے مطابق، وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کا مقصد ٹیکس وصولی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، اور ان اصلاحات سے باقاعدہ ٹیکس دہندگان کے حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئی ترامیم کے ذریعے کاروباری افراد اور کمپنیوں کو ایف بی آر افسران کی غیر ضروری مداخلت سے بچایا جائے گا اور ٹیکس ادائیگی کا نظام مزید آسان بنایا جائے گا۔
انہوں نے ٹیکس چوری، انڈر انوائسنگ اور دیگر بے ضابطگیوں کے خلاف اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی، اور کہا کہ غیر قانونی سگریٹس اور دیگر اشیاء کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اور وڈیو نگرانی جیسے اقدامات پر کام جاری ہے۔ تمباکو، سیمنٹ، پولٹری، شوگر، اور مشروبات کی صنعتوں میں ٹیکس چوری کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
