آج کی تاریخ

قطر اور امریکا کے درمیان بوئنگ طیاروں کا تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے دورے کے بعد قطر کا رخ کیا، جہاں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق، ٹرمپ اور امیرِ قطر کے درمیان ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن، اسرائیل سے تعلقات کی بحالی، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں ممالک نے معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے اہم اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں میں بوئنگ کمپنی سے طیاروں کی خریداری کا ایک ایسا معاہدہ شامل ہے جو کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر تصور کیا جا رہا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور قطری حکام نے دفاعی شعبے میں Letter of Intent پر بھی دستخط کیے، جسے صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی کی علامت قرار دیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے یوکرین کی جنگ، ایران کے معاملے اور دنیا میں جاری دلچسپ صورتِ حال پر گفتگو کی، اور مجھے امید ہے کہ ان مسائل کا بہتر حل نکلے گا۔
قطری امیر نے بھی اس ملاقات کو “انتہائی مثبت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر اور امریکہ کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے تعاون کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں