پنجاب کے ضلع شاہکوٹ کے نواحی گاؤں 35/32-چودہ ایل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بیوی کے مبینہ تشدد سے شوہر جان کی بازی ہار گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، قتل کی وجہ گندم کی فصل کی تقسیم پر تنازع بنی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر گندم کاشت کی تھی، تاہم اس کی بیوی کا مؤقف تھا کہ شوہر کے خاندان نے فصل میں اسے مناسب حصہ نہیں دیا۔ اس معاملے پر میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں بدل گئی۔
اہل علاقہ کے مطابق خاتون نے جھگڑے کے دوران شوہر پر شدید تشدد کیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور قانونی کارروائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف اور غم کی فضا پھیل گئی ہے۔
