راولپنڈی:بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو نہ کرنے کے حوالے سے ان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔
راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی اور دیگر وکلاء کی ملاقات مکمل ہوگئی، جس کے بعد بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی، اور اس حوالے سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی کو ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی کارروائی سے آگاہ کیا گیا ہے، اور انہیں بتایا گیا کہ وکلاء کے لیے ملاقات ضروری ہے، جبکہ میڈیا سے گفتگو کہیں بھی کی جا سکتی ہے۔ اس پر بانی پی ٹی آئی نے ان کے مؤقف کی حمایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں کچھ ملاقاتیں “اوپر” سے کرائی جا رہی ہیں، جو پارٹی کے نظم و ضبط پر اثر ڈال رہی ہیں، اس حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
