کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنے ہی قریبی ساتھیوں کی سیاست کی وجہ سے قید کی سزائیں بھگت رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور علماء کرام سے ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔ سندھ بھر میں 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار جلوسوں کی حفاظت کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، جبکہ سندھ حکومت نے ٹریفک کے مسائل کے باعث 11 اہم شاہراہوں پر چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کی ہے۔ انتظامیہ کے امور چلانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شرجیل میمن نے محکمہ تعلیم کی جانب سے 93 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ عمل مکمل طور پر شفاف رہا اور بھرتیاں سفارشات کی بجائے میرٹ کی بنیاد پر کی گئیں۔ اب 55 بچوں کے مقابلے میں ایک استاد کی بجائے 35 بچوں کے لیے ایک استاد میسر ہوگا، جس سے تعلیم کا معیار بہتر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بہترین صحت کی سہولیات اور روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ اقلیتوں اور معذور افراد کو بھی ملازمتوں میں ترجیح دی جا رہی ہے۔
سابق وفاقی وزراء کی جانب سے سیلاب کے اعداد و شمار پیش کرنے پر شرجیل میمن نے تنقید کی اور کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب کے بعد تعلیمی اداروں کی بحالی میں مطلوبہ تعاون نہیں ملا۔
کراچی کے ٹاؤنز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہر ٹاؤن کی صورتحال مختلف ہے، جہاں کام ہوا وہاں مثبت تبدیلی آئی ہے اور جہاں نااہلی ہوئی وہاں احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کابینہ نے پارکنگ فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب کسی بھی جگہ سے اضافی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔
شرجیل میمن نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ منفی سیاست کرتی ہے اور ایم کیو ایم کو چاہیے کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپوزیشن میں کوئی خطرہ نہیں ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے ہی حلقے کی سیاست کی وجہ سے قید میں ہیں۔
خیبرپختونخوا کی بدترین امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وہاں کے حکمران مسائل حل کرنے کے بجائے اسلام آباد پر حملے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن سڑکیں بند کرنا ناقابل قبول ہے اور ریڈ زون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
