آج کی تاریخ

عمران خان سے ملاقات اُن کی بہنوں کا حق اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم ہے، بیرسٹر گوہر کا مؤقف

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کی بہنوں کا بنیادی حق ہے اور یہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ کا حکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقات کیوں روکی جا رہی ہے اور اس میں آخر کیا مسئلہ ہے۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پولیس نے گرفتاری نہیں بلکہ حراست میں لینے کی بات کی ہے، جو کہ غیر آئینی اور غیر قانونی عمل ہے کیونکہ عدالتی حکم موجود ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پچھلے دو مواقع پر بھی عمران خان کی بہنوں سے ملاقات نہیں کرائی گئی، جس پر آج دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جیسے بشری بی بی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی گئی، اسی طرح عمران خان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی، وہ جیل کے باہر موجود رہیں گی۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان یا ساتھیوں نے پولیس پر کوئی پتھراؤ نہیں کیا، نہ ہی پی ٹی آئی کی طرف سے دھرنے کی کوئی کال دی گئی تھی، ہم صرف عمران خان کی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں